غازی یونیورسٹی ڈیرہ غازی خان صلاحیت اور ہنرمندی کے ذریعے خواتین کو سماجی و اقتصادی بااختیار بنانے پر یقین رکھتی ہے۔ پروفیسر ڈاکٹر اشفاق احمد، وائس چانسلر غازی یونیورسٹی، ڈیرہ غازی خان
گذشتہ روز محترمہ مریم نواز شریف (وزیر اعلیٰ پنجاب) حکومت کے ویژن کی روشنی میں محکمہ سوشل ویلفئیر و بیت المال ڈیرہ غازی خان کے زیر اہتمام غازی یونیورسٹی ڈیرہ غازی خان کے اشتراک سے "میڈا ہنر میڈا گہنا" کے نام سے ڈویژنل سطح کی دستکاری نمائش کا انعقاد ہوا، وائس چانسلر غازی یونیورسٹی پروفیسر ڈاکٹر اشفاق احمد کی ہدایت پر یونیورسٹی کے شعبہ سوشیالوجی نے اس نمائش میں بھرپور حصہ لیا۔
نمائش کا افتتاح رکن صوبائی اسمبلی محمد حنیف خان پتافی اور ڈپٹی کمشنر محمد عثمان خالد نے کیا ، اس موقع مسز نا صر محمود (کمشنر ڈی جی خان کی اہلیہ) اور ڈاکٹر محمد علی تارڑ چیئرمین، شعبہ سوشیالوجی، غازی یونیورسٹی بطور مہمان اعزاز موجود تھے۔ پولیٹیکل اسسٹنٹ محمد اسد چانڈیہ، سی ای او ہیلتھ ڈاکٹر ادریس لغاری،اظہر یوسف، ذکاءالدین، خالدرسول و دیگر افسران نے شرکت کی۔
غازی یونیورسٹی کی طرف سے بھی بہترین سٹال کاانعقاد کیا گیا۔ مہمانوں نے ڈیرہ غازیخان، لیہ،مظفرگڑھ،کوٹ ادو اور راجن پور کی دستکاریوں،ملبوسات،کھانوں،ثقافتی سٹالز کا معائنہ کیا۔ جن میں ایمبرائیڈری،آرٹ اینڈ کرافٹس،ملبوسات،میک اپ،پینٹنگ،فوڈ گالا،میجک شو،جیولری،مہندی ڈیزائن کے سٹالز قابل دید تھے، نمائش میں بچیوں نے ٹیبلوز بھی پیش کئے جنہیں خوب سراہا گیا۔
غازی یونیورسٹی کے شعبہ سوشیالوی سے فیکلٹی ممبرز سمیرا بانو، انعم زہرہ، طوبیٰ منظور اور سجیل احمد دانش اور طالبات کی ٹیم نے اس نمائش میں بھرپور شرکت کی، ڈائریکٹر سوشل ویلفیئر چوہدری اظہر یوسف نےنمائش سمیت محکمانہ کارکردگی بارے بریفننگ بھی دی۔ڈپٹی کمشنر محمد عثمان خالد نے اپنے خیالات کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ ڈویژنل سطح کی دستکاری پلیٹ فارم سے علاقائی ثقافت کو دنیا بھر متعارف کروارہے ہیں، ڈیرہ غازیخان کی بچیاں ہنر میں کسی سے پیچھے نہیں ہے، ڈسٹرکٹ انتظامیہ خطے کی مقامی صنعت کو پروان چڑھانے کی خواہاں ہے ۔
حنیف خان پتافی نے کہا جنوبی پنجاب بالخصوص کوہ سلیمان اپنی تہذیب وثفافت اور روایات کی بدولت منفرد مقام رکھتا ہے،ہنرمند افراد کی مصنوعات کی عالمی سطح پر پذیرائی بہت ضروری ہے، نمائش میں پانچوں اضلاع کی مصنوعات کی نمائش خوش آئند ہے ، چاروں صوبوں کی تہذیب و روایات کو اپنے آنگن میں سموئے ہوئے ہے۔ انہوں نے غازی یونیورسٹی کے کردار کو سراہا اور کہا کہ یونیورسٹی کا آئی ٹی شعبہ ایسی گھریلو مصنوعات کی آن لائن ماریکٹنگ پر کام کرے۔
چیئرمین شعبہ سوشیالوجی نے اس موقع پر شیخ الجامعہ غازی یونیورسٹی پروفیسر ڈاکٹر اشفاق احمد کا پیغام پیش کیا کہ غازی یونیورسٹی ہر اس سرگرمی میں بھرپور طور پر شریک ہوگی جو خواتین کو ہنر مند بنانے اور انہیں معاشرے میں باعزت مقام دلانے کے لیے کوشاں ہے۔ اور غازی یونیورسٹی ان تمام اداروں کو خوش آمدید کہتی ہے جو سکل ڈویلپمنٹ کے ذریعے خواتین کو بااختیار بنانے کے لیے کام کر رہے ہیں۔ اس ضمن میں غازی یونیورسٹی نے بزنس انکیوبیشن سنٹر اور ای روزگار سنٹر قائم کیا جس میں طلباءو طالبات کو آن لائن بزنس کی تربیت دی جاتی ہے ۔ انہوں محکمہ سوشل ویلفیئر کی ٹیم کو سراہا۔
وائس چانسلر غازی یونیورسٹی کو ہنرمندی کی ترقی کے ذریعے خواتین کو معاشی طور پر بااختیار بنانے پر پختہ یقین ہے خاص طور پر دیہی خواتین کو بااختیار بنانا، جو دستکاری، کڑھائی، ہاتھ سے تیار کردہ کھانے کی اشیاء، زیورات، پینٹنگ وغیرہ میں مصروف ہیں تاکہ اپنی گھریلو اور علاقائی معیشت کو مضبوط بنایا جا سکے۔